کنداپور یکم ؍مارچ (ایس او نیوز) ہیماڈی تعلقہ میں واقع کٹ بیٹلور کے کھپریلوں والے گھر میں تنہا رہنے والی ایک خاتون کی لاش مشکوک حالت میں دستیاب ہوئی ہے۔
ہلاک ہونے والی خاتون کا نام گلابی (55سال) بتایا جاتا ہے جس کے شوہر ناگیش کی موت پانچ سال پہلے ہی واقع ہوچکی ہے۔ہوٹل چلانے والے اپنے شوہر کی موت کے بعدگلابی نے زندگی گزارنے کے لئے مچھلی بیچنا شروع کیا تھا۔گلابی کے دو بیٹے ہیں جن میں سے ایک کی شادی ہوئی ہے اوروہ ممبئی میں مقیم ہے، جبکہ دوسرا بیٹا بنگلورو میں ملازمت کرتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شیوا راما نامی ایک شخص نے مچھلی خریدنے کے لئے گلابی کے گھر جاکر اسے آواز دی تو اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ پھر جب دروازے پر دستک دی تو دروازہ کھل گیا اور سامنے بستر گلابی بالکل ساکت پڑی ہوئی تھی۔شیواراما نے قریبی مکان میں رہنے والی گلابی کی بہن کو آواز دے کر بلالیا اور پھر معلوم ہوا کہ گلابی بے جان پڑی ہوئی ہے۔اس بات کی اطلاع پولیس کو دی گئی ۔
پاس پڑوس کے لوگوں کا کہنا ہے کہ شام تک گلابی بڑی ہشاش بشاش تھی۔حالانکہ گلابی کی لاش سوئی ہوئی حالت میں پائی گئی ہے لیکن مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ اس کے گلے میں تقریباً36گرام سونے کی چین جو تھی وہ غائب ہے۔اس کے علاوہ گھر کے اندر سگریٹ کی راکھ بھی پڑی ہوئی پائی گئی ہے۔ جس سے شکوک پیداہورہے ہیں کہ رات کے وقت کسی نے اس کا قتل کردیا ہے۔کچھ معتبر ذرائع سے پولیس کو ایک ایسے شخص کے بارے میں بھی سراغ ملا ہے جو شام کے وقت اس کے گھر پر آیا تھا۔
کنداپور مضافاتی پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ ڈی وائی ایس پی دنیش کمار، سرکل انسپکٹر منجپّا اور کنداپور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ہریش نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔فارنسک ماہرین کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ضروری ثبوت جمع کیے ۔ اس کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لئے منی پال بھیج دی گئی۔